عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس کے چار افسران پر گھروٹہ کے علاقے میں منریگا سکیم کے تحت مشتبہ دھوکہ دہی کی تحقیقات کے دوران پتھروں سے حملہ کیا گیا اورگالم گلوچ کی گئی۔ افسران بشمول بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرن انجنا سدھن، رشیکا شیکا، خلیل الرحمان اور ایک اور افسر، ان شکایات کی تحقیقات کر رہے تھے کہ گاؤں چاوا میں زمین پر کوئی حقیقی کام کیے بغیر منریگا کے لیے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔پولیس عہدیدارنے بتایا کہ انہیں ڈپٹی کمشنر جموں، سچن کمار ویشیا نے سائٹ کا دورہ کرنے اور انکوائری رپورٹ سابق کو پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ڈیوٹی پر تھے تو ایک صحافی محمد افضل وہاں پہنچا اور اہلکاروں کے ساتھ بدکلامی شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ صورتحال اس وقت پرتشدد ہو گئی جب افضل کے ساتھیوں نے پتھراؤ شروع کر دیا، جس سے افسران کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا اور ان کے سرکاری کام میں خلل پڑا۔پولیس عہدیدارنے بتایا کہ بی ڈی او بھلوال کی فوری کارروائی کی بدولت اہلکاروں کو بچایا گیا جنہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔افسران کی جانب سے تھانہ گھروٹہ میں تحریری شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے جرم میں ملوث محمد افضل اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر نمبر 109/2024زیر دفعہ 121(1)، 132، 115(2)، 125، اور 191 بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔