عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور اور کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن نے جموں میں اینمل کیئر سینٹرکا دورہ کیا۔ اُنہوں نے اینمل برتھ کنٹرول پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ تعمیراتی کاموں کی صورتحال کا بھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے روپ نگر میں قائم میونسپل اینمل کیئر سینٹر میں جاری اینمل برتھ کنٹرول پروگرام کا معائینہ کیا اور زیر علاج زخمی اور بیمار آوارہ جانوروں کی حالت کا جائزہ لیا۔مندیپ کور نے حفظانِ صحت ،صاف ستھرا ماحول، بروقت طبی علاج فراہم کرنے اورتمام جانوروں کے اِنسانی ہینڈ لنگ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ویٹرنری عملے سے بات چیت کرتے ہوئے ریکارڈ برقرار رکھنے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے آوارہ کتوں کی نس بندی سے متعلق بیداری بڑھانے پر زور دیا۔اَفسران نے ایس پی سی اے سینٹر چوادھی کے دورے کے دوران وہاں تعمیر ہونے والے نئے اینمل برتھ کنٹرول سینٹر کا بھی جائزہ لیا اور جاری سول کاموں کا معائینہ کیا۔کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ نے متعلقہ اِنجینئرنگ اور ویٹرنری ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور بنیادی ڈھانچے کی تیاری کو یقینی بنائیں۔یہ نیا سینٹر شہر بھر میں آوارہ کتوں کی نس بندی کی استعداد کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اِس موقعہ پر جوائنٹ کمشنر (ہیلتھ اینڈ سینی ٹیشن) عبدل الستار، ڈاکٹر گورو چودھری، اینمل ویلفیئر آفیسر اَشونی مترا، ڈِی ایف او اَربن اور جے ایم سی کے الیکٹرک، سول و پروجیکٹ ڈویژنوں کے ایگزیکٹیو انجینئران سمیت دیگر اَفسران موجود تھے۔