محمد بشارت
کوٹرنکہ//ضلع راجوری کے سب ڈیژون بدھل کی سڑکیں عوام کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروںکےلئے بھی در سر بنی ہوئی ہیں۔ زبیر احمد نامی نوجوان نے بتایا کہ مندر گالہ تا ترکسی پارٹ سکینڈ سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وای کے نام پر ایک بد نما داغ ہے اور سڑک دریا جیسا منظر پیش کر رہی ہے اور بڑے بڑے کھڈوں میں تبدیل ہوئی ہے۔انکاکہناتھا کہ سڑک کی نالیاں اور حفاظتی باندھ نہ ہونے کی وجہ سے برسات کے دوران سارا پانی سڑک اور لوگوں کے رہایشی مکانوں میں داخل ہوتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سرکار سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ہر روز ڈھول پیٹتی ہے اور کروڑوں روپے بھی سڑکوں کے نام پر سرکاری خزانہ سے وصولے جاتے ہیں تا ہم زمینی سطح پر سڑکوں کے نظام میں کوئی بھی سدھار نہیں ہے اور یہ سڑکیں عوام کو راحت دینے کے بجاے عذاب بنی ہوئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری و محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ افسران سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سڑکوں کو جلد از جلد معیاری بنایا جائے تا کہ مسافروں کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو بھی راحت مل سکے۔
ضلع پونچھ کے مختلف جنگلوں میںہولناک آتشزدگی | محکمہ جنگلات اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے ملازمین بجھانے میں مصروف
عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے مختلف جنگلوں میں گزشتہ دو دن سے ہولناک آتشزدگی کا سلسلہ جاری ہے جس کو بجھانے کے لیے محکمہ جنگلات کے ملازمین اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے ملازمین کی مدد لی جا رہی ہے۔ بتا دیں کہ ضلع پونچھ کے متعدد جنگلات ایسے ہیں جو گزشتہ دو دنوں سے شدید آتشزدگی کی لپیٹ میں ہیں جسے بجھانے کی حکام کی جانب سے بھر پور کوشش کی جا رہی ہے ۔اب فوج اور پولیس کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ ضلع کے بلاکوٹ منڈی چکھڑی سٹیلوں کمپارٹمنٹ 178H بلاک منڈی کمپارٹمنٹ نمبر 55H بلاک منڈی،سوجیاں بلاک کمپارٹمنٹ 113H ، بلاک سرنکوٹ کمپارٹمنٹ نمبر 264 دھیرا کی گلی جنگلوں میں گزشتہ دو روز سے شدید آگ لگی ہوئی ہے ۔اگر چہ کچھ جنگلوں میں آگ پر قابو پایا جا چکا ہے مگر اتوار کو بھی منڈی ، ساوجیاں اور سرنکوٹ بلاکوں کے مختلف جنگلوں میں آگ لگی ہوئی ہے جسے بجھانے کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے۔ محکمہ فارسٹ کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق ان کے ملازمین محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی ٹیمیں آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرنکوٹ کے جنگلوں میں آگ پر قابو پالیا گیا ہے البتہ منڈی، ساوجیاں کے بلاکوں میں بھی فوج پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کی مدد لے کر آگبجھانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے دوردراز ہیں جہاں پر پانی کی سبیل نہیں ہو سکتی لیکن اس کے باوجود بھی بہت جلد آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل بالاکوٹ کے سرحدی علاقے میں شدید آگ لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے بے شمار سر سبز پودے جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔اگرچہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاہم ابھی تک اس پر کنٹرول نہیں کیا جاسکاہے کیونکہ سرحدی علاقہ ہے اور علاقہ کے اندر بارودی سرنگیں لگی ہوئی ہیں۔اس وقت پورا علاقہ گہرے دھویں کی لپیٹ میں ہے اور آگ کے شعلے بھڑکتے دکھائی دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق آگ پاکستانی سرحد سے لگائی گئی اور اب وہ بالاکوٹ کی سرحدی پٹی پر کئی کلو میٹر علاقہ میں پھیل چکی ہے جس سے اب زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے بلاسٹ ہونے کا بھی خطرہ ہے البتہ تاحال آگ سے کوئی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔