منجاکوٹ //کانگریس کارکنان کی منجاکوٹ میں ماہانہ میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت بلاک صدر مولوی گلزار حسین نے کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے گلزار حسین ، فاروق خان سبھاش شرما اور للیت مہاجن نے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی حکومت قائم ہونے کے بعد ریاست میں بیروزگاری میں اضافہ ہواہے اور ملی ٹینسی واقعات بھی بڑھتے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کشمیر میں حالات انتہائی خراب ہیں اور شہری ہلاکتیں ہورہی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ راجوری میں ترقی کی رفتار ماند پڑ گئی ہے اور سڑکیں خستہ حالت کاشکار ہیں جبکہ اب وارڈ بندی اور پنچایت بندی کے نام پر لوگوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پانی اور بجلی کا حال بھی خراب ہے جبکہ کھانڈ کئی ماہ سے سپلائی نہیں کی گئی۔انہوںنے کہاکہ کانگریس پارٹی ہی ہر ایک طبقہ کو ساتھ لیکر حکومت چلاسکتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ منریگا کے تحت ہوئے کاموں کی اجرت واگزار نہیں کی جارہی اورنہ ہی سو دن کاروزگار مل رہاہے ۔انہوںنے کہاکہ ضلع میں آدھار کارڈ صرف چالیس فیصد لوگوں کے پاس ہی ہیں۔ان کا مزید کہناتھاکہ ایم ایل اے اور ایم ایل سی نے منجاکوٹ علاقے کی طرف کبھی کوئی توجہ نہیں دی ۔اجلاس میں منشی خان، مولوی بشیر مغل ، گل صید خان، چوہدری شفیع، سرپنچ لطیف خان، سربنچ عبدالغنی، سرپنچ مولوی بشیر ،سرپنچ یاسین خان، سرپنچ وزیرحسین خان ، اشرف خان وغیرہ بھی موجود تھے۔