یواین آئی
ممبئی// شیئربازار میں پیر کے روز ہونے والے طوفانی اضافے کے بعد عالمی بازار میں اضافے کے باوجود مقامی سطح پر اونچی قیمتوں پر چوطرفہ منافعہ وصولی کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں آج تیز گراوٹ درج ہوئی۔بی ایس ای کا حساس انڈیکس سنسیکس 1,281.68 پوائنٹس یعنی 1.55 فیصد گرااوٹ کے ساتھ 82,000 پوائنٹس کے نیچے 81,148.22 پر آ گیا۔ اس کے علاوہ، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 346.35 پوائنٹس یعنی 1.39 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 24578.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تاہم بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کے برعکس مڈ کیپ اور چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں خرید و فروخت ہوئی جس کی وجہ سے مڈ کیپ 0.17 فیصد اضافے کے ساتھ 43,806.83 پوائنٹس پر اور اسمال کیپ 0.99 فیصد اضافے کے ساتھ 49,176.68 پوائنٹس پر پہنچ گئی۔اس دوران بی ایس ای پر کل 4101 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 2559 میں اضافہ، 1402 میں گراوٹ درج ہوئی اور 140 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔اسی طرح این ایس ای پر کل 2959 کمپنیوں میں سے 1948 میں خرید اری ہوئی، 937 میں فروخت کا غلبہ رہا جبکہ 74 میں استحکام رہا۔تجزیہ کاروں کے مطابق کل کے تجارتی سیشن میں اسٹاک مارکیٹ میں زبردست اضافہ دیکھا گیا، جہاں نفٹی نے 916پوائنٹس کی چھلانگ لگائی تھی۔ یہ اضافہ جنگ بندی کی خبروں کے بعد مثبت رجحانات کی وجہ سے ہوا لیکن ادارہ جاتی سرمایہ کاری سے اس کی حمایت نہیں ہوئی۔ غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) اور گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ڈی آئی آئی) کی کل خالص خریداری صرف 2,694 کروڑ روپے رہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اضافہ بنیادی طور پر شارٹ کورنگ اور خوردہ اور اعلی مالیت والے سرمایہ کاروں کی خریداری کی وجہ سے تھا۔