سرینگر// جنوبی ایشیاء کے دیگر حصوں کی طرح وادی کشمیر میںبھی آج عید الاضحی روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے جس کے دوران وادی کے مسلمان لاکھوں جانوروںکی قربانی پیش کر رہے ہیں۔ عیدالاضحی حضرت ابراہیم کے اس ایمانی جذبے کی یاد میں منائی جاتی ہے جس کے تحت وہ باری تعالیٰ کے حکم پر اپنے فرزند حضرت اسماعیل کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے پرآمادہ ہوئے تھے۔اسی قربانی کے جذبے کے تحت مسلمانوں پر عیدالاضحی کے موقعے پر کسی حلال جانور کو قربان کرنا واجب قراردیا گیا ہے ، اور ہر سال اس موقعہ پر اس دن کی مناسبت سے دنیا کے ہر خطے کے مسلمان قربانی پیش کرتے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ حج بیت اللہ کی ادائیگی بھی اسی روز اختتامی مراحل سے گذرتی ہے۔ عید کے موقعہ پر وادی بھر میں بڑے بڑے روح پرور اجتماعات منعقد ہورہے ہیں اور لاکھوں فرزندان توحید عید نماز میں اللہ کے حضور سربسجود ہورہے ہیں۔ عید کے سلسلے میں سب سے بڑے اجتماعات سرینگر کے تاریخی عید گاہ، جامع مسجداورآثار شریف درگاہ حضرت بل میںمنعقد ہورہے ہیںجہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی ان اجتماعات میں شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات کے ساتھ ساتھ عید گاہوں ، تمام چھوٹی بڑی مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ عید نماز کے بعد جانوروں کو قربان کرنے کا سلسلہ شروع ہوگاجو تیسری عید کی دوپہر تک جاری رہے گا۔دریں اثناء دنیا بھرسے تعلق رکھنے والے24لاکھ حجاج کرام مکہ مکرمہ میں مناسک حج ادا کررہے ہیں۔لاکھوں حاجیوں نے گزشتہ روزحج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جس کے بعد انہوں نے مزدلفہ میں مغرب اورعشاکی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں اورشیطان کومارنے کے لئے کنکریاں جمع کیں۔ مزدلفہ رات گزارنے کے بعد نماز فجر کے بعد عازمین حج نے منیٰ میں جمرہ العقبہ پررمی کرنے کے بعد اللہ کی راہ میں قربانی دی۔ کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد سرمنڈوا کر انہوں نے احرام کھول دیئے۔ادھرحریت(ع) چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے عید پیغام میں کہا کہ عید الاضحی اپنے اندر ایک ایسا حیات آفرین پیغام رکھتی ہے جس سے عالم انسانیت کی بہار وابستہ ہے اور یہ تقریب سعید امتحان کی ہر گھڑی میں ایثار و قربانی ، ایمان و یقین ، اطاعت و فرمانبرداری، تسلیم و رضا ، صدق و صفا کے شیوہ ابراہیمی کی طرف ایک دعوت عام ہے۔ میرواعظ نے اعلان کیا کہ عید الاضحی کی نماز حسب پروگرام تاریخی عیدگاہ سرینگر میں ٹھیک 9:30 بجے ادا کی جائیگی جبکہ اس سے قبل 8:30 سے وعظ و تبلیغ کی خصوصی مجلس آراستہ ہوگی ۔ اس لئے تمام فرزندان توحید ملی وحدت اور اجتماعیت کا بھر پور مظاہرہ کرکے قبل از وقت عیدگاہ میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ بارش ہونے کی صورت میں وقت مقررہ پر مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز عید ادا کی جائیگی۔