اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ قصبہ کے بائی پاس اور اقبال مارکیٹ کے علاوہ جامع روڈ پر لگاتار ٹریفک جام جہا ں نہ صرف گاڑیو ں میں سفر کرنے والے لوگو ں کے لئے درد سر بن چکا ہے بلکہ ہسپتال اور ہائر سیکنڈری سکول جانے والے طلبہ کے لئے بھی مشکلات کا باعث بن رہاہے ۔قصبے میں گا ڑیو ں کیلئے مناسب پارکنگ کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے حالانکہ 3سال قبل انتظامیہ نے ایک پبلک پارک کو بھی پارکنگ میں تبدیل کر دیا تھا ۔اتنا ہی نہیں بلکہ سب ضلع ہسپتال کپوارہ کے احاطہ میں بھی ہسپتال عملے کی گا ڑیو ں سمیت درجنو ں گا ڑیا ں کھڑی پارک ہوتی ہیں لیکن اس کے باجود بھی قصبہ میں ٹریفک جام ایک معمول بن چکا ہے ۔بائی پاس سڑک اور اقبال مارکیٹ کے دونو ں اطراف کے کنارو ں پر جہا ں چھاپڑی فروش ڈھیرہ جمائے ہوتے ہیں وہیں دکاندارو ں کی گا ڑیو ں کے علاوہ عام لوگ بھی اپنی گا ڑیو ں کو پارک کرتے ہیں ۔لوگ قصبہ میں سخت بھیڑ کے لئے غلط پارکنگ اور سڑک کے کنارے پھل اور سبزی فروشو ں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ایک مقامی شہری کا کہنا ہے ’’ہنگامی حالات کے دوران صورتحال نازک ہوجاتی ہے جب سب ضلع ہسپتال جانے کے دوران ایمبو لنس یا دیگر گاڑیوں کو تاخیر کا سامناکرنا پڑتا ہے ۔یہی حال گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول،زنانہ کالج اور ہائر سیکنڈری سکول (بوئز) کپوارہ کی طالبات کو بھی اپنے اداروں تک پہنچنے میں دشواریو ں کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ قصبہ کے دکاندارو ں کا کہنا ہے کہ قصبہ میں ٹریفک جام کی وجہ سے گاہک بھی بھاگ جاتے ہیں اور ان کی تجارت متا ثر ہوتی ہے ۔ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر محمد اسحاق وانی کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایک نامزد وینڈنگ زون موجود ہے لیکن زیادہ دکاندار سڑک کے کنارے کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر جام رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس عمل سے نہ صرف عام لوگو ں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ قصبہ میں قائم ہسپتال اس افرا تفری کا شکار رہتاہے ۔تاجرو ں اور عام لوگوں نے دکاندارو ں کی منتقلی اور پارکنگ کے قوانین کو نا فذ کرنے کے لئے کئی بار حکام سے رابطہ بھی کیا لیکن کوئی مستقل کا رروائی نہیں کی گئی ۔اسحاق وانی نے انتظامیہ سے ٹریفک جام کے اس نہ تھمنے والے سلسلے پرقابو پانے کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔