نصاب کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے چھٹیوں میں توسیع نہیں کی:وزیر تعلیم
سرینگر//وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ہفتہ کے روز کہا کہ حکومت نے والدین اور طلباء کی طرف سے تجاویز ملنے کے بعد سکولوں کے اوقات میں نظر ثانی کیا۔ نئے شیڈول کے مطابق جو پیر 14 جولائی سے نافذ ہوگا، شہری علاقوں کے سکول صبح ساڑھے8 بجے سے بعددوپہر3بجے اوردیہی علاقوں کے سکول صبح9بجے سے بعد دوپہرساڑھے3 بجے تک چلیں گے۔ وزیر تعلیم نے سرینگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم نے موسم سے متعلق خدشات کے پیش نظر سکولوں کے کام کے سلسلے میں عوام کی جانب سے متعدد فون کالز، پیغامات اور تجاویز کے بعد کارروائی کی۔ انہوں نے کہا’’ ہمیں والدین اور طلبہ کی طرف سے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں تعلیمی تسلسل میں خلل ڈالنے کے بجائے سکول کے اوقات کار میں تبدیلی پر زور دیا گیا ‘‘۔سکینہ ایتو نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی فیصلے کو حتمی شکل دینے سے قبل عوام کی رائے اکٹھا کرنے کیلئے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی۔ انہوں نے کہا’’ میں نے حکام کو اس معاملے کو عوام تک لے جانے کی ہدایت کی تھی تاکہ ہم ان کے خدشات کی واضح تصویر حاصل کر سکیں۔ جواب کی بنیاد پر، ٹائمنگ شیڈول میں اب نظر ثانی کی گئی‘‘۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ طلبہ کو بلا تعطل تعلیم ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیمی لحاظ سے ٹریک پر رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مسابقت بہت ضروری ہے۔وزیر تعلیم نے یہ بھی یقین دلایا کہ عوامی خدشات کو دور کیا جائے گا اور تعلیمی اہداف اور طلباء کی فلاح و بہبود دونوں کو برقرار رکھنے کیلئے پالیسیاں وضع کی جائیں گی۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ محکمہ نے عوام کی رائے کو سنجیدگی سے لیا۔انہوں نے وضاحت کی کہ محکمہ تعلیم نے پہلے ہی ایک سرکیولر جاری کیا تھا تاکہ کسی بھی حتمی فیصلے پر عمل درآمد سے قبل عوام کی رائے لی جائے۔انہوںنے کہاکہ’ میں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس مسئلے کو پبلک ڈومین میں لائیں تاکہ ہم ان کے مزاج اور خدشات کا اندازہ لگا سکیں‘۔