عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//مقامی بے روزگار نوجوانوں کی مدد کے لئے ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ نے ’’ممکن اسکیم‘‘ کے تحت گاڑیوں کی چابیاں سونپیں۔ ڈی سی نے ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر میں ایک تقریب میں 4 کمرشل منی لوڈ کیریئرز اور 4 مسافر گاڑیاں منتخب درخواست گزاروں کے حوالے کیں۔ تقریب میں 8 منظور شدہ درخواست دہندگان کو گاڑیوں کی فراہمی کا نشان لگایا گیا جنہوں نے اپنی روزی روٹی شروع کرنے کے لئے چابیاں، منتخب گاڑیاں اور ضروری دستاویزات حاصل کیں۔اس تقریب میں ایمپلائمنٹ اینڈ کاؤنسلنگ سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ادریس لون، ایمپلائمنٹ آفیسر امتیاز علی اور ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اسکیموں کے موثر نفاذ کی اہمیت پر زور دیا اور مستحقین پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری سے گاڑی چلائیں۔ممکن اور تیجسوینی اسکیموں کی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ کس طرح یہ اقدامات ضلع کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں۔ ممکن سکیم کے تحت، اہل نوجوانوں کو اب تک کل 152 گاڑیاں فراہم کی جا چکی ہیں، جن کی لاگت تقریباً 130 لاکھ روپے ہے۔