جاوید اقبال
مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور راجوری-اننت ناگ حلقے کے رکن پارلیمنٹ، میاں الطاف احمد لاروی نے سوموار کے روز سب ڈویژن مینڈھر کے کالابن علاقے کا دورہ کیا جہاں حالیہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے سینکڑوں خاندان شدید متاثر ہوئے ہیں۔دورے کے دوران، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو تسلی دی اور کہا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بازآبادکاری کے لئے ٹھوس اور پائیدار اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ’یہ ایک مشکل وقت ہے اور اس میں لوگوں کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور ضرورت پڑنے پر مرکزی حکومت سے بھی رابطہ کریں گے‘‘۔میاں الطاف احمد لاروی نے واضح کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو نئے سرے سے بسانا ہوگا تاکہ مستقبل میں ان کی جان و مال محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ فوری طور پر ایک تفصیلی پروپوزل تیار کیا جائے اور سرکار کو پیش کیا جائے تاکہ بازآبادکاری کا عمل جلد از جلد شروع ہو سکے۔اس دوران انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ رہائش فراہم کی جائے تاکہ وہ عزت و وقار کے ساتھ اپنی زندگی دوبارہ شروع کر سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر متاثرہ خاندان کو کم از کم پانچ مرلہ یا پانچ کنال سرکاری اراضی فراہم کی جائے گی اور ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے گی تاکہ نقصان کی بھرپائی ممکن ہو اور زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے۔مقامی لوگوں نے ممبر پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی یقین دہانی پر فوری عمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ محمد اخلاق چوہان سمیت دیگر شہریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ متاثرہ عوام کے لئے ایک بڑی امید کی کرن ہے اور انہیں یقین ہے کہ حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات کیے جائیں گے۔یہ دورہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور حکومت کی جانب سے فوری کارروائی کی یقین دہانی کا عملی مظاہرہ قرار دیا گیا ہے۔