عظمیٰ نیوز سروس ریاسی//لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے ضلع ریاسی کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے اور ان مقامات کی نشاندہی کی جا سکے جہاں ثقافتی، مہماتی (ایڈونچر) اور روایتی سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ان کے ہمراہ ممبر اسمبلی ریاسی کلدیپ راج دوبے بھی موجود تھے، جب کہ محکمہ سیاحت، ریلوے، تعمیرات عامہ، جل شکتی (PHE) اور پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) کے افسران بھی اس دورے کا حصہ تھے۔دورے کا آغاز خوبصورت سْلا پارک ریاسی سے ہوا اور بعد ازاں مختلف اہم اور ثقافتی مقامات کا جائزہ لیا گیا جن میں بھردھاری پل رافٹنگ پوائنٹ، خانسی پتہ مندر، سیاد بابا، آؤٹ لیٹ ماتا مندر، سلال پن بجلی ڈیم، چینکہ، کھوڑی، کنٹھن اور شیوا گْفہ شامل ہیں۔اس دورے کا مقصد نہ صرف ضلع کی سیاحتی صلاحیت کو جانچنا تھا بلکہ ماتا ویشنو دیوی کے یاتریوں کو دیگر مقامات کی جانب راغب کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنا بھی تھا۔ ہر مقام پر بنیادی ڈھانچے کی بہتری، رسائی میں آسانی، اور سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ایم پی جگل کشور نے وزیراعظم نریندر مودی کے ’آتم نربھر بھارت‘ وڑژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ریاسی کو سیاحت کے ذریعے خود کفیل بنایا جا سکتا ہے۔ سیاحت نہ صرف ہمارے ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے لاتی ہے بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع بھی پیدا کرتی ہے‘‘۔