راجوری //جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ کے ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرمااور بھاجپا کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے راجوری پونچھ ضلع کا دورہ کر کے کووڈ کے دوران پیدا شدہ صدرتحال کا جائزہ لیا ۔اس دوران دونوں لیڈران نے محکمہ صحت کے حکام کیساتھ ملا قاتیں بھی کیں ۔دونوں لیڈران نے سندر بنی سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کرنے کیساتھ ساتھ نوشہرہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ،راجوری میڈیکل کالج ،پونچھ ضلع ہسپتال و دیگر طبی اداروںکا دورہ کر کے کووڈ مریضوں کو دی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا ۔سندر بنی سب ڈویژن میں مکینوں اور بھاجپا کارکنوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو اس مشکل وقت میں معیاری سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس مشکل وقت میں بھی عوام کو معیاری سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف جہاں لاک ڈائون کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں تو دوسری جانب پولیس کی جانب سے عوام کو غیر ضروری طورپر پریشان کیا جارہاہے جبکہ عوام کو صحت کے سلسلہ میں سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔راجوری میڈیکل کالج میں کونسلر سنجے شرما اور سابقہ ممبر اسمبلی چوہدری قمر حسین نے بھاجپا کے ممبر پارلیمنٹ اور صدر کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس مشکل وقت میں عوام کو کوئی بھی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔اس دوران لیڈران نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پوری کرشش کررہی ہے ۔اس دوران رویندر رینا اور ممبر پارلیمنٹ جموں پونچھ یوگل کشور شرما نے پیر کے روز پونچھ کا ہنگامی دورہ کر کے ضلع ہسپتال پونچھ اور ضلع کے دیگر طبی مراکز پر کوڈ19کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے اٹھائے جا رہے انتظامات کے حوالے سے جانکاری حاصل کی ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت، چیف میڈیکل افسر پونچھ غلام حسین، میڈیکل سپر نا ٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق حسین جعفری نے ان دونوں لیڈران کو پونچھ میں اٹھائے گئے اقدامات کی مفصل جانکاری فراہم کی ۔اپنے دورہ کے دوران دونوں لیڈران نے ذرایع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ راجوری اور پونچھ کے لئے تھا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ میں 2250 ایل پی ایم آکسیجن جنریشن پلانٹ کے قیام سے پونچھ ضلع آکسیجن کی ضروریات میں خود کفیل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ نے انھیں بتایا ہے کہ ضلع پونچھ میں ضلع انتظامیہ نے 2250 ایل پی ایم صلاحیت والے او جی پی کی تنصیب کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا ہے پہلی جون تک 750ایل پی ایم آکسیجن استعمال کے قابل ہوجائے گا اس کے 15روز بعد مزید 750ایل پی ایم اور دو مہنے کے اندر اندر یہاں 2250ایل پی ایم آکسیجن کی انسٹالیشن مکمل ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ لفٹینٹ گورنرکی انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق پنچائتی سطح پر کوڈ کئر سینٹر کا بھی قیام کیا جا رہا ہے ۔اْنہو ں نے کہا کہ کووِڈ۔ 19 کے واقعات میں اچانک اضافے کے بعد ضلعی انتظامیہ پونچھ نے جس طرح کے اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ اور یہاں کے دیگر سب ضلع ہسپتالوں اور طبی مراکز پر کوڈ آئیسولیشن وارڈوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے بہتر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ میں مزید کیا کیا جا سکتا ہے اس حوالے سے وہ جانکاری حاصل کر کے نوٹ کر رہے ہیں یہاں سے جاتے ہی وہ ایل جی جموں کشمیر سے ملاقات کر کے ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔