سرینگر// پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی گلمرگ کی والدہ کو پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔اُن کا انتقال اتوارکی شام کو دہلی میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہواتھاجبکہ منگل کو اُن کی میت کو قریب 2بجے آبائی علاقہ چنڈی لورہ ٹنگمرگ پہنچایا گیا۔اس دوران مرحومہ کی نماز جنازہ مقامی عیدگاہ میں ادا کی گئی جس کی پیشوائی مولوی غلام حسن نے انجام دی،جس میں علاقہ اور نواحی علاقوں کے کافی لوگ موجود تھے۔مرحومہ کو بعد میں مقامی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔ اس دوران دن بھر مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں کا آنا جانا دوسرے روز بھی جاری رہا،جس دوران لوگوں نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔مختلف سیاسی ،سماجی،مذہبی اور دیگر انجمنوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر مصطفی کمال اپنے ساتھیوں کے ہمراہ منگل کی صبح مرحومہ کے گھر پہنچے اور اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔پی ڈی پی لیڈر راجہ اعجاز علی اور دیگر لیڈروں نے بھی مرحومہ کے گھر جاکر ممبر اسمبلی گلمرگ سے تعزیت کی۔دریں اثنائنیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ٹنگمرگ کی معروف شخصیت مرحوم محمد اکبر وانی (اکہ مامہ) کی اہلیہ اورممبراسمبلی گلمرگ محمد عباس وانی کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ دونوں لیڈران نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ادھر وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے محمد اکبر وانی ( اکہ مام) کی اہلیہ اور ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی کی والدہ سیدہ بیگم کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر موصوف نے مرحومہ کو خراج عقیدت اداکیا۔ انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔