حسین محتشم
پونچھ//ایم ایل اے پونچھ اعجاز جان نے دشنامی اکھاڑا پونچھ میں شری چھڑی یاترا کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے سوامی جی مہاراج اور پونچھ کے لوگوں کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔ اعجاز جان نے سوامی جی مہاراج کی روحانی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’سوامی جی مہاراج نے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پونچھ کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک روشن مثال کے طور پر اجاگر کیا، جہاں ہندو، مسلمان اور سکھ طویل عرصے سے پرامن اور احترام کے ساتھ رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا پونچھ ضلع آپسی بھائی چارے اور اتحاد کی ایک علامت ہے۔ ہمارے لوگ ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے رہے ہیں، خاص طور پر مشکل وقت میں انہوں نے کہا جنگ کے وقت ہندوستانی مسلح افواج کے لئے پونچھ کے لوگوں کی غیر متزلزل حمایت پر بھی زور دیا، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ ان کی ہمت اور حب الوطنی نے ہمیشہ ملک کی فتوحات میں حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع بھی اتحاد اور امن کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے جو خطے میں برادریوں کے لئے روحانی اور سماجی یکجہتی کا ایک لمحہ ہے۔