حسین محتشم
پونچھ//ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے پیر کے روز منی سیکریٹریٹ پونچھ کا دورہ کر کے وہاں کے تعمیراتی کام کاج کا جائزہ لیا۔اس دوران ان کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پارٹی کارکنان اور لیڈران بھی موجود رہے۔منی سیکر یٹریٹ کا بغور معائنہ کرنے کے بعد انہوں نے افسران کو اہم ہدایات جاری کی۔بعد ازاں انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 2014 میں جس حال میں انہوں نے اس سیکر یٹریٹ کی عمارت کو چھوڑا تھا یہ عمارت آج تک اسی حال میں ہے۔اس کے بعد اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمارت اس لئے بنائی گئی تھی تاکہ لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے نجات ملے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر دور دراز علاقہ جات میں قائم ہیں جہاں پہنچنے میں لوگوں کو گھنٹوںلگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے سوچا تھا کہ تمام دفاتر ایک ہی عمارت میں ہوں گے تو لوگوں کو آسانی ہوگی۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج تک یہ عمارت مکمل نہیں ہو پائی۔انہوں نے یقین دلایا کہ اب جلد سے جلد اس عمارت کے تعمیراتی کام کو مکمل کر کے تمام دفاتر اس میں منتقل کئے جائیں گے۔