محتشم احتشام
پونچھ//جموں و کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے فلسطین میں جاری ظلم و ستم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں، خصوصاً معصوم بچوں کا قتلِ عام انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ انہوں نے معزز اسپیکر سے گزارش کی کہ ان کی فلسطین میں انسانی امداد، امن اور مفاہمت سے متعلق قرار داد کو روکا نہ جائے۔جان نے کہا کہ فلسطین سے متعلق قراردادوں کو نامنظور کرنا انتہائی افسوسناک اور عالمی امن و انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے دعاگو ہیں اور ضروری ہے کہ انسانی امداد فوری طور پر متاثرہ آبادی تک پہنچائی جائے۔انہوں نے پونچھ حویلی اور مینڈھر کالابن کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا مسئلہ بھی بھرپور انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اراکینِ اسمبلی کو ایک کروڑ روپے کی خصوصی نرمی دی جائے تاکہ وہ اپنے حلقوں میں متاثرہ عوام کو مؤثر امداد فراہم کر سکیں۔انہوں نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں کا فوری دورہ کر کے ریلیف اور بحالی کے اقدامات کو ذاتی طور پر یقینی بنایا، جس سے عوام میں اعتماد اور حوصلہ پیدا ہوا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت جموں و کشمیر فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ انسانی و اخلاقی یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کرے گی اور ریاست کے اندر سیلاب متاثرین کی فوری مدد کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔