محمد تسکین
بانہال // سب ضلع ہسپتال بانہال کی کارکردگی کا جائز لینے کیلئے ممبر اسمبلی بانہال اور چیئرمین روگی کلیان سمیتی حاجی سجاد شاہین نے روگی کلیان سمیتی کے ایک اجلاس کی صدرات کی ۔ اس موقع پر بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر شبیر احمد ڈار اور ان کے عملے نے شرکت کی ۔بانہال ہسپتال انتظامیہ نے ممبر اسمبلی کو شاہراہ پر واقع اس اہم ہسپتال میں ڈاکٹروں اور ضروری ساز وسامان کی کمی اور ہسپتال کی سینٹری فیٹنگ وغیرہ کی لیکیج سمیت ضروری تجدید و مرمت کے کام کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال میں روزانہ سات سے آٹھ سو مریضوں کا علاج و معالجہ کیا جاتا ہے اور کبھی کبھی یہ تعداد روزانہ ایک ہزار کی او پی ڈی تک پہنچ جاتی ہے جبکہ ایک کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں روزانہ دو سو مریضوں کو دیکھنے کی ہی صلاحیت ہوتی ہے ۔اس موقع پر ممبر اسمبلی بانہال حاجی سجاد شاہین نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کے خونین سیکٹر میں واقع ہونے اور ریل سے جڑنے کے بعد گول سنگلدان ، سمبڑ ، بجھمستہ ، ورنال کے مریض بھی بانہال ہسپتال پہنچ رہے ہیں جبکہ اس ہسپتال میں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے مقابلے کا ہی سٹاف اور سہولیات ہیں۔ انہوں نے کہا وہ اس ہیلتھ سینٹر کا درجہ سب ضلع ہسپتال تک بڑھانے ، یہاں سی ٹی سکین ، زچہ اور بچہ کے یونٹ کا قیام عمل میں لانے کے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کانسچونسی ڈیولپمنٹ فنڈس سے ہسپتال میں ضروری نوعیت کی تجدید و مرمت کے کا کام نپٹانے اور اہم ساز وسامان خریدنے کیلئے قریب بیس لاکھ روپئے دینگے جبکہ ہسپتال کی مجموعی ترقی اور تجدید و مرمت کیلئے ایک کروڑ روپئے کی لاگت کا ایک منصوبہ حکومت کو روانہ کیا گیا یے اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، وزیر صحت سکینہ ایتو اور سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید عابد رشید سے ملاقات کر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی ہسپتال میں سی ٹی سکین ، ڈائیالیسس ، اور زچہ بچہ کیلئے الگ عمارت کا قیام عمل میں لایا جائیگا تاکہ بانہال ، رامسو اور گول کے سب ڈویژنوں سے بانہال ہسپتال آنے والے مریضوں کو اننت ناگ اور سرینگر کے ہسپتالوں میں منتقل نہ کرنا پڑے ۔ ممبر اسمبلی نے ہسپتال کے وارڈوں ، لیبارٹری اور آپریشن تھیٹر کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور انکے تیمارداروں سے ملاقات کی ۔