جاوید اقبال
مینڈھر//عام آدمی پارٹی کے جموں و کشمیر کے صدر معراج ملک کا سنیچر کے روز مینڈھر پہنچنے پر مقامی لوگوں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ معراج ملک کے دورے کو عوام نے نہایت مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔دورے کے دوران معراج ملک نے حالیہ سرحدی کشیدگی سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کو حکومت کے اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے اور ان کے حل کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔معراج ملک نے سرحدی علاقوں میں پیش آئے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ عام آدمی پارٹی ان مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی مکینوں کی پریشانیاں ناقابلِ نظرانداز ہیں اور حکومت کو فوری طور پر ہنگامی امداد فراہم کرنی چاہیے۔مقامی عوام نے معراج ملک کی اس پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کا براہِ راست متاثرین کے درمیان آنا نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ مسائل کے حل کے لئے ایک عملی قدم بھی ہے۔معراج ملک نے اعلان کیا کہ وہ متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ تیار کر کے حکومت کو پیش کریں گے تاکہ متاثرین کی مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔