نگروٹہ//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر وایم ایل اے نگروٹہ دیویندر سنگھ رانا نے بدھ کے روز اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈ سے نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے لئے 8 کیمونٹی ہالوں کا اعلان کیا،جن کا استعمال مقامی لوگ مختلف تقریبات منعقد کرنے کے لئے کر سکیں گے۔یہ کیمونٹی ہال جندراھ، ڈھوک ،وزیراں، بین بجالٹہ، شووا، بھگانی، رانجن، دھنو اور رابطہ میں تعمیر کئے جائیں گے۔اس بات کا اظہا رانہوں نے ناڈور پنچایت کے اپنے طویل دورہ کے دوران کور جاگیر میں لوگوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقعہ پر انہوں نے ناڈور پنچایت میں مختلف کاموں کے لئے اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈز سے7 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔جن میں سے تین لاکھ روپے قبرستان، ایک لاکھ روپے شیڈولڈ کاسٹ بستی اور دیگر تین لاکھ روپے ایس سی محلہ نڈور میں کیمونٹی ہال کے نزدیک پروٹکشن کام کے استعمال میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترجیح ضروری نوعیت کی کاموں کی طرف دی جا رہی ہے اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ یہ کام مقررہ مدت میں مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مختلف سکیموں پر جاری کام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔.انہوںنے کہا کہ جموں کے نزدیک ہونے اور ماتا ویشنو دیوی کے نزدیک ہونے سے نگروٹہ کی ایک خاص اہمیت ہے۔انہوں نے حلقہ میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان آپسی تال و میل بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ،تاکہ مختلف سکیموں کو بر وقت پورا کیا جا سکے اور مقررہ نشانہ حاصل کیا جا سکے۔دورہ کے دوران لوگوں نے مختلف مسائل انکی نوٹس میں لائے،جس پر ممبر اسمبلی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ یہ مسائل متعلقہ محکموں کی نوٹس میں لائیں گے تاکہ ان کو فوری طور حل کیا جاسکے۔