سرینگر//پولیس نے راجوری میں حکمران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ ممبر اسمبلی اور ان کے3ذاتی محافظوں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایاز احمد ساکن پلولیاں دسل راجوری نے پولیس اسٹیشن راجوری میں ایک تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں پی ڈی پی سے وابستہ ایم ایل اے راجوری ایڈوکیٹ قمر حسین اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر مذکورہ شہری پر جان لیوا حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایاز احمد نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ممبر اسمبلی قمر حسین اور ان کے تین پی ایس اوز نے درہالی پل کے نزدیک کسی سیاسی مسئلے کو لیکر نہ صرف ان کے ساتھ گالی گلوچ اور ان کی تذلیل کی بلکہ ان پر حملہ بھی کیا۔شکایت کنندہ کے مطابق ایم ایل اے موصوف نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔چنانچہ پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف کیس درج کیا ہے جس میں اقدام قتل کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔ پولیس کے ایک آفیسر نے کشمیر میڈیا نیٹ ورک کو بتایا کہ اس شکایت پر ایم ایل اے قمر حسین اور ان کے تین ذاتی محافظوں کے خلاف پولیس اسٹیشن راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر336/17زیر دفعات 307,341اور34آر پی سی درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممبر اسمبلی کے پی ایس اوز کی شناخت تحقیقات کا ایک حصہ ہے اور پولیس اس پر کام کررہی ہے۔تاہم معلوم ہوا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے میں کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔دریں اثناء ایم ایل اے موصوف نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ واقعہ ان کے خلاف ایک سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے ان پر عائد کئے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔(کے ایم این)