عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں مذہبی سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر ایم ایل اے راجوری افتخار احمد نے نینا ماتا مندر دھانوان تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ طویل عرصے سے عوام کی ایک اہم مانگ تھی جس کی تکمیل سے علاقہ کے لوگوں کو بڑی راحت ملے گی۔افتتاحی تقریب کے دوران ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ راجوری اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایم ایل اے افتخار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سڑک نہ صرف نینا ماتا مندر جانے والے عقیدتمندوں کے لئے سہولت فراہم کرے گی بلکہ آس پاس کے دیہاتوں کو بہتر رابطہ فراہم کر کے علاقے کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی‘۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تعمیر میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور کام مقررہ معیارات کے مطابق انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سڑک کی تعمیر کا کام وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کیا جائے اور کسی بھی طرح کی غیر ضروری تاخیر نہ ہونے پائے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ منصوبے کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ شفافیت اور ذمہ داری برقرار رہے۔ایم ایل اے افتخار احمد نے یقین دلایا کہ حکومت عوامی فلاح کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور ایسے ترقیاتی منصوبے نہ صرف بنیادی سہولیات میں بہتری لائیں گے بلکہ سیاحتی و مذہبی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے۔مقامی لوگوں نے اس اقدام کا استقبال کرتے ہوئے ایم ایل اے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نینا ماتا مندر تک نئی سڑک کی تعمیر سے زائرین کے لئے آمدورفت آسان ہو جائے گی اور علاقے کی معاشی و سماجی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ترقیاتی منصوبے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ راجوری میں تعمیر و ترقی کا عمل مزید تیز ہو سکے۔