عظمیٰ نیوز سروس
منجا کوٹ //سابقہ ممبر اسمبلی راجوری محمد اسلم خان کی اہلیہ اور ممبر اسمبلی تھنہ منڈی مظفر اقبال خان کی والدہ بیگم فرید اختر کا 70برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ۔اہل خانہ نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب دل کا دورہ پڑنے سے موصوفہ انتقال کر گئیں۔ان کی نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دیگر لیڈران کیساتھ نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ اس دوران دونوں سرحدی اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ مرحومہ کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے ۔ ان کی نماز جنازہ پیر کے روز منجا کوٹ میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق جموں کشمیر کے وزیراعلی عمر عبداللہ اور دیگر کئی سیاسی رہنماؤں نے بھی مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور رکن قانون ساز اسمبلی مظفر اقبال خان اور مرحومہ کے دیگر پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ انتہائی نیک سیرت، پارسا، خوش اخلاق اور صوم و صلواۃ کی بڑی پابند تھیں اور انھیں اپنے علاقے میں کافی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ اس موقع پر علاقہ کی کئی دینی سیاسی اور سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔عمر عبداللہ نے تھانہ منڈی کے ایم ایل اے مظفر اقبال خان اور سابق ایم ایل اے راجوری محمد اسلم خان سے ملاقات کرکے تعزیت کی۔
تھنہ منڈی کی سیاسی و سماجی تنظیموں کا اظہار افسوس
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تحصیل منجاکوٹ سے تعلق رکھنے والے سابق ایم ایل اے اسلم خان کی زوجہ اور موجودہ ایم ایل اے اور سابق جج مظفر اقبال خان کی والدہ پیر کے روز منجا کوٹ میں انتقال کر گئیں۔ ان کی نماز جنازہ پیر کے روز منجا کوٹ میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔مرحومہ کی وفات پر اسمبلی حلقہ تھنہ منڈی کی سیاسی و سماجی تنظیموں کیساتھ ساتھ معززین و لیڈران نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ بالخصوص ممبر اسمبلی تھنہ منڈی کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔وہیں تھنہ منڈی کی تمام صحافی برادری اور علاقہ کی دینی ، سیاسی اور سماجی برادری نے بھی ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی حتمی بخشش و مغفرت اور جنت نشینی کے لئے خصوصی دعائیں کی ہیں۔ علاقے کی متعدد شخصیات نے سابق جج اور رکن قانون ساز اسمبلی مظفر اقبال خان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
مینڈھر کی کئی تنظیموں نے اہل خانہ کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا
جاوید اقبال
مینڈھر// سابق جج اور ممبراسمبلی تھنہ منڈی مظفراقبال خان کی والدہ اور سابق ایم ایل اے راجوری اسلم خان کی اہلیہ کی اچانک وفات پر مینڈھر کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔دکھ کا اظہار کرنے والوں میں سابق ممبران قانون سازیہ مرتضیٰ احمد خان،محمد رشید قریشی، سابقہ وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد احمد ملک ، ایڈوکیٹ معروف خان ،کانگرس لیڈر و جنرل سیکریٹری پروین سرور خان ، ڈی ڈی سی ممبر واجد بشیر خان ،سابقہ بی ڈی سی چیئر مین امان اللہ چودھری ،پی ڈی پی سینئر لیڈر وسیم احمد خان ،ایڈوکیٹ ندیم خان،ماسٹر عنائت اللہ خان ،حاجی محمد عظم ساگر،سابقہ سی ایم او ڈاکٹر محمد یونس چودھری ،سابقہ سی ایم او ڈاکٹر ممتاز بھٹی کے علاوہ پہاڑی کلچر اینڈ ویلفیئر فورم ،پہاڑی سٹوڈنٹ یونین ،بوپار منڈل اور بار ایسوسی ایشن مینڈھر نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین بالخصوص مظفر اقبال خان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔