عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //تھنہ منڈی کے ممبر اسمبلی مظفر اقبال خان نے جمعہ کے روز گھمبیرمغلاں کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ حالیہ قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مختلف محکموں کے سینئر افسران بھی موجود تھے جن میں ایگزیکٹیو انجینئر ایریگیشن، تحصیلدار منجاکوٹ، بی ڈی او منجاکوٹ، نائب تحصیلدار گھمبیر مغلاں، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرز پی ایم جی ایس وائی، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر عملہ شامل تھا۔دورے کے دوران ایم ایل اے نے متاثرہ مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو کم کرنے اور نقصانات کے ازالے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مظفر اقبال خان نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انسانی جانوں کا تحفظ اس وقت اولین ترجیح ہے اور اسی تناظر میں ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔ایم ایل اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی ذاتی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی دوہرایا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔مقامی لوگوں نے ایم ایل اے کے اس دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی براہِ راست شمولیت سے عوامی مسائل کے جلد حل ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔