واش رومز، بستر اور صفائی کی ناقص حالت پر شدید ناراضگی،انتظامیہ پر برہمی کا اظہار
سمت بھارگو
راجوری//تھنہ منڈی کے رکنِ اسمبلی مظفر اقبال خان نے منگل کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری سے منسلک ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا اور ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، صفائی اور بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا۔معائنے کے دوران ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے ہسپتال کے مختلف بلاکس اور وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے گفتگو کی اور ذاتی طور پر اسپتال میں فراہم کی جا رہی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال کے واش رومز کی خستہ حالت پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’بیشتر بیت الخلاء اس قدر خراب حالت میں ہیں کہ استعمال کے قابل ہی نہیں رہے‘‘۔ انہوں نے وارڈز میں ناقص صفائی، بدبودار بستر اور مریضوں کی بھیڑ پر بھی تشویش ظاہر کی، جہاں بعض وارڈز میں دو یا دو سے زائد مریض ایک ہی بستر پر لیٹے دکھائی دئیے۔ایم ایل اے نے صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے موقع پر ہی جی ایم سی راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر اے۔ ایس بھاٹیہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد، مختلف شعبوں کے سربراہان اور محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کے ایگزیکٹو انجینئر کو طلب کیا۔انہوں نے 180 بستروں پر مشتمل نئے اسپتال بلاک کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وجوہات پوچھی اور اس بات پر زور دیا کہ عوامی سہولت کے لئے اس بلاک کو جلد از جلد مکمل کر کے فعال کیا جائے۔ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے موقع پر متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری رسمی کارروائیاں فوری طور پر مکمل کی جائیں اور تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو بہتر اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہسپتال کی صفائی ستھرائی، واش رومز کی مرمت اور مریضوں کے لئے بہتر رہائشی و طبی انتظامات ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں، تاکہ عام لوگوں کو تکلیف دہ حالات سے نجات مل سکے۔معائنے کے دوران عوام اور مریضوں نے ایم ایل اے کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی مداخلت سے اسپتال کی حالت میں جلد بہتری آئے گی۔