محمد تسکین
بانہال// ممبر اسمبلی بانہال ۔ گول حاجی سجاد شاہین نے بانہال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے دس ماہ کی مدتِ کار کے دوران کئے گئے کاموں کی تفصیلی جانکاری پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب بانہال ۔ گول کے مختلف دیہات کیلئے تقریباً ایک درجن سڑکوں کو منظوری دی گئی ہے اور ان کے ٹینڈرز بھی ہوئے ہیں ، جبکہ بانہال ، کھڑی ، پوگل اور گول سنگلدان میں نصف درجن سے زائد منی پن بجلی منصوبوں کی منظوری ایک تاریخی قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تعلیمی، طبی اور کھڑی اور بانہال میں بجلی کے شعبوں کو بہتر بنانے کے متعدد ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں اور وہ ان تمام کاموں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے خواہاں ہیں ۔ایم ایل اے حاجی سجاد شاہین نے مزید بتایا کہ ممبر اسمبلی بننے کے پہلے ڈس مہینوں کے دوران بانہال۔ گول اسمبلی حلقہ کیلئے 300کروڑ روپئے سے زائد کی رقم کے منصوبے عمل میں لائے جا رہے ہیں جس میں نئی سڑکیں ، سڑکوں پر میکڈم بچھانا ، گول ، سنگلدان ، رامسو اور بانہال کے ہسپتالوں کی ترقی اور انہیں ضروری ساز و سامان فراہم کرنا ، منی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹس اور ہائیر سیکنڈری سکول بوائز بانہال سمیت کئی سکول عمارتوں کی تعمیر اور ان کا درجہ بڑھانے کے پروجیکٹ شامل ہیں اور وہ اس کیلئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور دیگر کابینہ وزراء کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی نیشنل کانفرنس حکومت لوگوں سے کئے گئے تمام وعدے پورا کرے گی اور وہ عوامی تعمیر وترقی ، فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے وعدہ بند ہیں۔