محمد تسکین
بانہال //ممبر اسمبلی بانہال ۔ گول حاجی سجاد شاہین نے بانہال کے ٹھاچی علاقے میں نگر ون ڈوبا پارک کا افتتاح کرکے اسے قوم کے نام وقف کیا ۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد شان ، کنزرویٹر آف فارسٹ ارشدیپ سنگھ ، رینج آفیسر راسخ وحید ، نیشنل کانفرنس لیڈر محمد الیاس بانہال ، ڈی ڈی کونسلر اور این سی لیڈر فیاض احمد نائیک اور نیشنل کانفرنس کے ورکر اور سینکڑوں کی تعداد میں عام لوگ اور مختلف سکولوں سے آئے بچے موجود تھے۔ سرسبز جنگلات اور ہرے بھرے میدان سے ڈوبا کی قدرتی پارک کو محکمہ جنگلات نے کیمپا سکیم کے تحت تیار کرکے جازب نظر بنایا ہے اور اس کے رسم افتتاح سے پہلے سے ہی اس کی سیر و تفریح کیلئے ہزاروں کی تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں۔اپنے خطاب میں ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے کہا کہ وہ حلقہ انتخاب بانہال ۔ گول میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے اور سیاحوں کیلئے بنیادی سہولیات کو میسر رکھنے کیلئے کام کرتے رہینگے اور ضلع رام بن کے خوبصورت مقامات کو سیاحت کے نقشے پر لانے اور ٹورسٹ سرکٹ بنانے کیلئے اقدامات کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کانسچونسی فنڈس سے ڈوبا کی پارک میں ریسٹ ہاؤس ، پارکنگ ، ٹوائلٹ کمپلکس ، پینے کے پانی اور بجلی کی سہولیات فراہم کرکے اسے مزید ترقی دینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیل ، پوگل پرستان ، شروا دھار ، سر گلی ، زبن اور گول کے خوبصورت علاقوں کو سڑک رابطوں سے جوڑنے اور انہیں سیاحوں کیلئے پرکشش اور جاذب نظر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے تاکہ مقامی لوگوں کو سیر و تفریح کے ان خوبصورت علاقوں سے روزگار کے وسائل پیدا کئے جاسکیں ۔