زاہد بشیر
گول//حالیہ اسمبلی الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ جیتنے کے بعد ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے گول کا دورہ کیا جہاں ان کا والہانہ استقبال کیاگیا۔ اس موقعہ پر گول میں ایک جلسہ عام کے دوران لوگوں نے گول میںمسائل اُن کے سامنے رکھے ۔ اس موقعہ پر سجاد احمد شاہین نے گول کی عوام کا جہاں شکریہ ادا کیا وہیں انہوں نے کہا کہ اس کا یہ پہلا دورہ گول ہے اور وہ پُر امید ہے کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں وہ کامیاب ہوں گے ۔ سجاد شاہین نے کہا کہ اگر چہ مجھے ذاتی طور پر تقریروں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن پہلی مرتبہ آیا ہوں ممبر اسمبلی بننے کے بعد اس لئے عوام کے سامنے کچھ اظہار خیال کرنا چاہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پانچ سال امتحان ہیں اور ہمیں اس دوران لوگوں کے مسائل حل کرنے ہیں کیونکہ گول کے ساتھ پہلے ہی نا انصافیاں ہوئی ہیں ان کو دور کرنے کی جدوجہد کرنی ہے ۔ سجاد شاہین نے اس موقعہ پر گول گرلز ہائی سکول کو ہائر سکینڈری کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ساتھ گول بازار میں بیت الخلا ء کے لئے اپنے سی ڈی ایف سے پانچ لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے آخر پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئندہ ہمارا یہاں آنا جلسہ نہیں بلکہ لوگوں کے مسائل حل کرنے اور تمام سرکاری دفاتروں کی صورتحال کو دیکھنا ہو گا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے موجود آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ یہاں پر پیدا شدہ مسائل کے بارے میں انہیں مفصل طور پر رپورٹ پیش کریں تا کہ جلد از جلد یہاں کے بنیادی مسائل ہو کر سکیں ۔