زاہد بشیر
گول // ایم ایل اے بانہال جناب سجاد شاہین نے سب ڈویژن گول کے موئلہ علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن ڈاکٹر شمشادہ شان بھی موجود تھیں۔گزشتہ دنوں شدید بارشوں اور زمین دھنسنے کی وجہ سے علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کئی مکانات مکمل طور پر ناقابل رہائش ہو گئے۔ متاثرہ خاندانوں کو فی الحال انتظامیہ کی جانب سے مقامی کالج میں عارضی طور پر ٹھہرایا گیا ہے، جہاں تقریباً 15سے 17متاثرہ فیملیز اس وقت پناہ گزین ہیں۔دورے کے دوران ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین نے متاثرین کے لئے 10لاکھ روپے اپنے سی ڈی ایف فنڈ سے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشادہ شان بھی اپنے فنڈز سے 8لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کر چکی ہیں۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سجاد شاہین نے کہا کہ یہ رقم ابتدائی امداد کے طور پر فراہم کی جا رہی ہے، اور آئندہ دنوں میں ایس ڈی آر ایف اور دیگر سرکاری اسکیموں کے ذریعے مزید تعاون یقینی بنایا جائے گا۔ متاثرہ خاندانوں کو مستقل بنیادوں پر رہائش کے لئے کم از کم پانچ پانچ مرلے زمین دینے کے سلسلے میں انتظامیہ سے مشاورت جاری ہے۔ایم ایل اے بانہال نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ 20ستمبر کو سب ڈویژن گول کے دیگر متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کریں گے تاکہ زمینی سطح پر عوامی مسائل اور نقصانات کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔متاثرہ عوام نے ایم ایل اے بانہال اور ڈی ڈی سی چیئرپرسن کے دورے اور مالی امداد پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کی سرپرستی میں ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔