ممبئی //خدمت قرآن کریم کی ملکی سطح پرمشہورومعروف تنظیم ادارہ دعوی السنہ ویلفیئرٹرسٹ کے بانی وصدر خادم القرآن و السن مولانا محمدشاہد الناصری الحنفی نے آج اپنے ایک اخباری بیان میں یکم و دو مارچ 2019 کو منعقد ہونے والے بائیسویں کل ہند مسابق القرآن الکریم کے سلسلے میں کہا کہ خیر کے کاموں میں مسابقہ کی دعوت خودحق جل مجدہ کی طرف سے ہے۔ اور ارشادفرمایاگیا ہے۔ وسابقو بالخیرات ۔ چنانچہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسابقئہ قرآن مجید یامسابقئہ حدیث ودینیات کا اہتمام ہوتاہے وہ دراصل اسی حکم ربانی کی تعمیل ہوتی ہے۔ لغت میں مسابقہ ایک دوسرے سیآگے بڑھ جانے یابلفظ دیگر ایک دوسرے پرسبقت لیجانے کو کہتے ہیں، اب اگر حافظ قرآن طلباء کے درمیان مسابقۃالقرآن الکریم کے عنوان سے کوئی تقریب ہوتی ہے تواس سے مطلوب ہوتاہے کہ قرآن کریم کی تصحیح و تحفیظ میں ایک دوسرے طالب علم پر سبقت حاصل کرنا. مسابقۃالقرآن الکریم کا انعقاد ایک خوبصورت طریقہ اور ایک دلکش تدبیر ہے جسکے ذریعہ طالب علم اپنے آپ کو سب سے بہتر سب سے برتر اور سب پر فائق کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اسکے لئے وہ شب و روز انتہائی شوق ورغبت کے ساتھ پہلے سے زیادہ اشتغال بالقرآن الکریم میں منہمک ومستعد ہوجاتاہے تاکہ وہ اپنے ہم جولیوں پر حفظ قرآن مجید کی یادداشت وصحت تحوید ومخارج وحسن صوت پر سبقت لے جاسکے۔مولانا ناصری نے مزید کہا کہ دنیا کے اکثروبیشتر ملکوں اوراقوام وملل میں مسابقہ کا نام بدل کر تقابل وتسابق کی شکلیں نظرآتی ہیں جن سے مقصود دنیاوی نام ونمود اورتفاخر نیز انفرادیت وشہرت اورانعامات کاحصول ہوتاہے۔ مگر طلبائے مدارس اسلامیہ کے درمیان ہونے والا مسابقۃ القرآن الکریم صرف نیک جذبوں کے پیش نظر مدح وستائش اورانعامات کیحصول نیز شہرت و پذیرائی کی تمناؤں سے اوپراٹھ کر صرف اورصرف رضائے الہی کی خاطر اورملت اسلامیہ کے دیگرنونہالوں کے ترغیب وتشویق کے پیش نظر ایک شر عی عمل کا اظہار ہے جسکے ذریعہ یہ طلبائے مدارس اسلامیہ دنیا میں کچھ حاصل کریں یا نہ کریں لیکن انشاء اللہ آخرت کی سرخروئی تو یقینی ہے جوکسی بھی مومن کامطلوب ومقصود ہوتاہے۔ اس موقع پر ادارہ دعو السنہ کے نائب صدر مولانا سید اعجاز ملی نے کہا کہ انشاء اللہ اس باربھی جوطالب علم مسابقہ میں اول انعام کاحق دار ہوگا اس کو عمرہ کی دولت سے سرفراز کرایاجائے گا۔ایک سوال کے جواب میں مولانا ملی نے کہا کہ ادارہ دعوت السنہ کے مسابقے اس لئے مقبول ہوتے ہیں کہ وہ انفرادیت کے حامل ہیں اوروہ اس طرح کہ اس میں خود ادارہ یااس کی شاخوں کے طلباء حصہ نہیں لیتے۔ مولانا ملی نے ایک بارپھراہل مدارس سے درخواست کی ہے کہ مدرسہ میں آپ حضرات داخلی مسابقہ ضرورکرائیں اس کے بعد ادارہ دعوۃالسنہ ممبئی کے مرکزی کل ہند مسابقتہ القرآن الکریم کیلئے طلباء کاانتخاب فرمائیں، تاکہ طلباء یکسو ہوکر مسابقہ میں اپنی کارکردگی پیش کرسکیں۔مولانا ملی نے کہا کہ 20 فروری کے بعد شرکت مسابقہ کاکوئی فارم قبول نہیں کیاجائیگا۔لہذا جلد ازجلد فارم پرکرکے ارسال فرمائیں۔