عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//ممبئی ٹرین دھماکوں کے معاملے میں 12 ملزمین کو باعزت بری کیے جانے کے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے خلاف مہاراشٹر حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے۔ انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے التجا کی ہے۔ اس پر سپریم کورٹ نے سماعت کے لیے 24 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔دراصل پیر کوممبئی ہائی کورٹ نے 2006 کے ممبئی ٹرین بم دھماکہ کیس میں نچلی عدالت کا فیصلہ پلٹتے ہوئے 19 برسوں سے انصاف کی فریاد کر رہے 12 مسلم نوجوانوں کو باعزت بری کر دیا تھا۔ اس معاملے میں عدالت نے 5 ملزمین کو پہلے موت کی سزا سنائی تھی جبکہ 7 کو عمر قید کی۔ اس کیس کے 12 ملزمین میں سے ایک ملزم کی موت پہلے ہو چکی ہے۔ممبئی ہائی کورٹ نے 12 ملزمین کو بے قصور قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ استغاثہ معاملے کو ثابت کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہا۔ اس سے یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ملزمین نے جرم کیا ہے۔ممبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد پیر کی دیر شام مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ جائیں گے۔ اس معاملے میں حکومت نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر دی جس پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ تیار ہو گیا ہے۔چیف جسٹس بی آر گوائی، جسٹس کے ونود چندرن اور جسٹس این وی انجاریہ کی بنچ نے کیس کو جمعرات کے لیے لسٹیڈ کیا ہے۔