عظمیٰ نیوز ڈیسک
ممبئی//ممبئی کے چیمبور علاقہ میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں ایک دکان میں 2بچوں سمیت 5افرادزندہ جل کر لقمہ اجل بن گئے۔ اس درد ناک واقعہ کے بعد آس پاس کے علاقے کے لوگوں میں شدید غم کا ماحول ہے۔ممبئی پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو آتشزدگی کی اطلاع اتوار کو صبح 5 بجکر 20 منٹ پر ملی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ آگ ایک عمارت کی گراونڈ فلور میں بنی دکان میں لگی تھی جو بڑی تیزی سے پھیلتی چلی گئی۔ دکان ایک منزل عمارت کے نیچے تھی اور اوپر ایک کنبہ رہتا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم وجوہات سے گراونڈ فلور واقع دکان میں شدید آگ لگ گئی۔ یہیں سے بجلی کی وائرنگ سے ہوتے ہوئے آگ اوپر کے فلور تک پہنچ گئی۔ دھیرے دھیرے گھر کا سارا سامان جل گیا۔ نیچے دکان تھی اور اوپر کی منزل پر ایک کنبہ رہتا تھا۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ محکمہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ کی زد میں آئے لوگوں کو ریسکیو کرکے راجواڑی اسپتال پہنچایا۔ لیکن کافی دیر ہوچکی تھی اور پانچوں لوگ نیند کی آغوش میں جا چکے تھے۔اس درد ناک حادثہ میں جان گنوانے والوں میں شوہر-بیوی، دو بچے اور ایک رشتہ دار ہیں۔ مرنے والوں میں پریم گپتا (30 سال)، منجو گپتا (30 سال)، انیتا گپتا (39 سال)، نریندر گپتا (10 سال)، پیرس گپتا (7 سال) کے نام شامل ہیں۔ ان سبھی کو ریسکیو کرنے کے بعد فوری طور سے علاج کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔