اظہر حسین
کولگام// پولیس نے اتوار کے روز کولگام ضلع میں عسکری تنظیم لشکر طیبہ کے “ہائبرڈ ماڈیول” کا پردہ فاش کرکے پانچ ملی ٹینٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔کولگام پولیس ترجمان نے بتایا کہ عسکری سرگرمیوں کو روکنے میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کولگام پولیس نے فسٹ اور9آر آر ، سی آر پی ایف 18 اور 46 بٹالین کے ساتھ مل کر ملی ٹینٹوں کے دو ماڈیولز کا پردہ فاش کیا اور 5 ہائبرڈ ملی ٹینٹوں کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کیا۔اُنہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے 2 پستول، 3 ہینڈ گرینیڈ، 1 یو بی جی ایل، پستول میگزین 2، پستول راؤنڈ 12 اور 21 اے کے 47 رائونڈ برآمد کئے گئے ۔ پولیس ذرائع نے گرفتار افراد کی شناخت عادل حسین وانی ولد لال دین وانی ساکن پونیوا ، سہیل احمد ڈار ولد سراج احمد ڈار ساکن بگام ، اعتماد احمد لاوے ولد عبدالرشید لاوے ساکن برازیلین جاگیر، معراج احمد لون ولد بشیر احمد لون ساکن ہاوورہ اور سبزار احمد کھر ولد غلام محمد کھر ساکن گھاٹ ریڈونی پائین کے طور پر کی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے پولیس تھانہ کیموہ میں ایف آئی آر زیر نمبر/2023 62 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔