عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پہلگام حملے میںمبینہ طور پر ملوث ہونے اور دیگر سرگرم ملی ٹینٹوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے جس کے تحت اب تک 10مکانوں کو بارودی دھماکوں سے اڑا دیا گیا ہے۔گزشتہ رات کھاسی پورہ ترال میں عامر نذیر وانی ولد نذیر احمد وانی ساکن کھاسی پورہ ترال نامی ایک ملی ٹینٹ کا دو منزلہ مکان دھماکے سے مسمار کردیا گیا۔ وہ گزشتہ سال ہی ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہدامی کارروائی کے دوران دوران شب دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ادھر بانڈی پورہ میں ناز کالونی میں سرگرم ملی ٹینٹ جمیل احمد شیر گوجری ولد عبدالاحد شیر گوجری کے مکان کودھماکہ کر کے منہدم کر دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمیل 2016 سے ملی ٹینٹوں کے صفوں میں سرگرم ہے۔ گزشتہ 3 روز کے دوران پلوامہ، شوپیان،بجبہاڑہ،کولگام ، کپوارہ اورترال میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے مکانوں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔