عاصف بٹ
کشتواڑ //جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں پیر کو ممنوعہ حزب المجاہدین کے تین اوور گرانڈ ورکرز کو سخت پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق ظہور الحسن کمل عرف ناکہ کمل ولد ولی محمد کمل ساکن کمل محلہ کشتواڑ، توصیف النبی ولد غلام نبی گندنہ ساکن جامع مسجد و ریاض احمد ولد محمد رمضان ساکن سوندر دچھن کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ان پر پی ایس اے عائد کرنے کا مقصد ملک دشمن سرگرمیوں کو روکنا اور کشتواڑ کے نوجوانوں کو کالعدم تنظیموں کے لالچ میں آنے سے بچانا ہے۔ یہ افراد پہلے بھی مختلف ایف آئی آرز میں ملوث تھے۔ ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے کہا کہ یہ کارروائی مجاز اتھارٹی سے پی ایس اے کے احکامات حاصل کرنے کے بعد انجام دی گئی۔پولیس کی ٹیموں نے ان افراد کو کشتواڑ کے مختلف مقامات سے گرفتار کیا اور بعد میں انہیں جموں صوبہ کی مختلف جیلوں میں بند کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے تینوں کے خلاف ایک ڈوزیئر تیار کیا تھا اور کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر کو پیش کیا گیا ، جنہوں نے پی ایس اے کے تحت ان کی حراست کی منظوری دی۔