خطہ میں ملی ٹینسی کو دوبارہ جنم لینے یا پنپنے نہیں دیا جائے گا:ایس ایس پی را م بن
محمد تسکین
بانہال// سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس رام بن ارون گپتا نے کہا ہے کہ چناب ویلی ہمیشہ سے دشمن ملک کے نشانے پر رہی ہے، جو یہاں کے امن و بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ملی ٹینسی کو دوبارہ زندہ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔پولیس سٹیشن بانہال میں میں راشٹریہ ایکتا دیوس کے موقع پرمنعقدہ پولیس۔ عوام اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ارون گپتا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز پوری طرح چوکس ہیں اور چناب ویلی سے ملی ٹینسی کے تمام بیج کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی ڈوڈہ۔ کشتواڑ ۔ رام بن رینج کی قیادت میں ملی ٹینٹوںکے خلاف آپریشن جاری ہیں، اور پولیس، فوج، دیگر سیکورٹی ایجنسیاں اور انٹیلی جنس ادارے باہمی اشتراک سے کام کر رہے ہیں تاکہ علاقے میں دیرپا امن قائم رکھا جا سکے۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ضلع رامبن کی سرحدیں چھ دیگر اضلاع سے ملتی ہیں، مگر اس وقت ضلع میں ملی ٹینسی کے کوئی آثار یا موجودگی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم پُرعزم ہیں کہ چناب ویلی کے کسی بھی حصے میں ملی ٹینسی یا اس کی سوچ کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا‘‘۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن کی اس فضا کو برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کا تعاون بنائے رکھیں ۔