عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کل سری نگر میں پہاڑی قبائلی کمیونٹی کے ایک اَجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’دیرپا ترقی اور جامع خوشحالی کا ویژن جموں و کشمیر کی قبائلی کمیونٹی کے روشن مستقبل کی تشکیل کرے گا۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی قبائلی کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لانا مرکز کا عزم ہے اور ان کا بااختیار بنانا ایک مضبوط اور خوشحال یونین ٹیریٹری کی تعمیر کرے گا۔اُنہوں نے کہا،’’کمیونٹی کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے جنہیں پارلیمنٹ نے گزشتہ برس شیڈولڈ ٹرائب کا درجہ دیا تھا کیوں کہ ان کی خوشحالی بنیادی طور پر ہمارے جامع ترقی کے ہدف سے جُڑی ہوئی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے پہاڑی کمیونٹی کے نمائندوں کی طرف سے پیش کی گئی مطالبات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ پہاڑی نسلی گروہوں کو پارلیمنٹ کے منظور شدہ ایکٹ کے مطابق اَپنے حقوق حاصل ہوں۔اُنہوںنے قبائلی کمیونٹیوں اور سماج کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ملی ٹینسی کے خلاف متحد ہوجائیں اور اِنتہا پسند پروپیگنڈے کا فعال طور پر مقابلہ کریں تاکہ اَمن و استحکام کو محفوظ بنایا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ کچھ تفرقہ پسند عناصرملی ٹینٹ تنظیم ٹی آر ایف جیسے جھوٹا بیانیہ پھیلا رہے ہیں ۔یہ ایک سنگین خطرہ ہے اور لوگوں کو اِس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔