عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر داخلہ نے جموں میںایک میٹنگ میں جموں و کشمیر کے سیکورٹی حالات کا بھی جائزہ لیا۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری، ڈائریکٹر آئی بی، جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی، سی اے پی ایف کے سربراہان اور دیگر سینئرافسران میٹنگ میں موجود تھے۔جموں و کشمیر کے سیکورٹی کے منظر نامے کا جائزہ لیتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ نے امرناتھ یاترا 2025کو پرامن طریقے سے انجام دینے کے لیے یو ٹی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میںملی ٹینسی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ رہنے اور جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے لئے مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی۔امت شاہ نے جموں و کشمیر کے حالیہ سیلاب میں ریلیف اور بچاؤ کے کاموں میں تمام سیکورٹی فورسز کے اہم کردار کی تعریف کی جس سے بہت سی جانیں بچانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں قدرتی آفات سے نمٹنے میں سی اے پی ایف کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔