ایل جی کی ملی ٹینسی کیخلاف 360 ڈگری طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو سرینگر میں کشمیر ڈویژن میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں اتل ڈلو( چیف سکریٹری، نلین پربھات(ڈی جی پی)، ایس جے ایم گیلانی( خصوصی ڈائریکٹر جنرل)کوآرڈینیشن، چندرکر بھارتی( پرنسپل سکریٹری) ہوم، نتیش کمار(اے ڈی جی پی سی آئی ڈی)، ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری( لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری)، ودھی کمار بردی( آئی جی پی کشمیر)، انشول گرگ( ڈویژنل کمشنر کشمیر)کشمیر ڈویژن کے ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا کہ افسران کو زمینی حالات کا مسلسل جائزہ لینا چاہیے اور وادی سے ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے لیے چوکنا اور تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے افسران کے ساتھ سیکورٹی کے مختلف پہلوں کا جامع جائزہ لیا اور ملی ٹینسی سے پاک جموں کشمیر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ٹھوس کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے سول انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ امن و امان کی موثر بحالی، سیکورٹی اور انسداد ملی ٹینسی کی کارروائیوں کی کامیابی کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں ملی ٹینسی اور اس کے سپورٹ سسٹم کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے 360 ڈگری کا طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جعلی خبروں اور جھوٹے بیانات کے سدباب کے لیے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع سے جوڑنے اور لوگوں کی شکایات کے معیاری ازالے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی موسم سرما کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں کو سردیوں کے موسم میں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے چوکس رہنے اور تیار رہنے کی تلقین کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے قوم کی سالمیت اور تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کی تعریف کی۔