جموں//ریاستی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے افسران کو ملی ٹینسی اورجرائم کو ختم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی ہے ۔ دربار کی جموں منتقلی اور گزشتہ روز جواہر ٹنل کے قریب پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکالنے کیلئے جموں کشمیر پولیس کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے اہلکار ہر قسم کے چیلنج کو قبول کرنے کے اہل ہیں۔ وہ پولیس ہیڈ کوارٹر کی جموں منتقلی کے بعد منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ پولیس کے تمام شعبہ جات کو اہم قرار دیتے ہوئے ڈی جی پی نے زور دیا کہ اہلکار عوام کی خدمت میں ہمہ وقت الرٹ رہیں۔انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی آسائشوں کو تج کر لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہیں۔انہوںنے افسران پر زور دیا کہ جن منصب پر بھی آپ کام کررہے ہوں آپ کی طرف سے لوگوں کو فائدہ پہنچ جانا چاہیے۔افسران پر زور دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ وہ عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کی خاطر مقررہ وقت کے اندر اندر کام کو مکمل کریں۔ انہوں نے افسران کوہدایت دی کہ وہ محکمہ میں کام کاج کو فعال بنانے کے لیے پولیس اسٹیشنوں کا مقررہ وقت پر معائینہ کرتے رہیں اور اس طرح محکمہ سے وابستہ ہر افسر اور اہلکار کو جواب دہ بنایا جائے۔ڈی جی پی نے میٹنگ کے دوران افسران پر زور دیا کہ وہ جرائم کے مقدمات کو جلد از جلد حل کرنے کی خاطر خصوصی بنیادوں پر کام کریں ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کنٹرول روم جموں اور دیگر اداروں میں تعمیر و ترقی کو بڑھاوا دینے کے لیے پی ایچ منصوبے پر کام کررہا ہے تاکہ محکمہ کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جاسکے، اس کے علاوہ سٹی، ہائی وے اور سرحدی علاقوں میں سیکورٹی حصار کو مزید فعال بنایا جائے گا۔