قاضی گنڈ //میر بازار قاضی گنڈ میں ٹریکٹر اور ٹالر کے درمیان حادثہ کی جگہ کا معائنہ کرنے کے دوران پولیس پارٹی پر جنگجوئوں نے حملہ کردیا جس کے دوران گولیوں کے شدید تبادلے میں پولیس کانسٹیبل ، ایک جنگجو اور 2شہری ہلاک جبکہ3 اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات کے قریب ساڑھے نو بجے میر بازار قاضی گنڈ کے نزدیک الہ سٹاف (ملہ پورہ) میں ایک ٹریکٹر اور ٹرالر میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ڈرائیور امتیاز احمدملک موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔حادثے کی اطلاع پولیس چوکی افسر میر بازار صفدر ملک کو دی گئی اور چوکی آفیسر فوری طور پر حادثے کی جگہ کا معائنہ کرنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے محمود احمد، راقب ، اشفاق حسین اور ڈرائیور جرنیل سنگھ پر مشتمل پولیس پارٹی کے ہمراہ قریب پونے دس بجے وہاں پہنچ گئے۔چوکی افسر صفدر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جونہی وہ جائے وقوع پر حادثے کی وجہ سے سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کرنے کیلئے گاڑی سے اترے تو اسی دوران جنگجوئوں نے اُن پر حملہ کیا۔ صفدر نے بتایا کہ اس کے بعد گولیوں کا تبادلہ ہوا اور چاروں طرف افراتفری مچ گئی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ سے وہاں لوگوں کی بھیڑ بھی جمع تھی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکی افسر بال بال بچ گیا تاہم اس کا ایک محافظ محمود احمد اپنی جان گنوا بیٹھا، جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک جنگجو اور 2شہری بھی لقہ اجل بن گئے ،جن میں ایک غیر ریاستی مزدور بھی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راقب اور اشفاق سرینگر کے بادامی باغ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ واقع کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی وید کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی پر حملے کے دوران گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس میں ایک پولیس کانسٹیبل کی موت واقع ہوئی جبکہ 3دیگر شدید زخمی ہوئے۔ اُن کا کہنا ہے کہ گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو مارا گیا جس کی شناخت کی جارہی ہے اور اُس کی تحویل سے ایک گرینیڈ بھی برآمد ہوا جبکہ ایک جنگجو فرار ہونے سے قبل زخمی ہوا تاہم وہ اپنے پیچھے ایک پستول بھی چھوڑ گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو شہری بھی مارے گئے، جن کی شناخت کی جارہی ہے۔ پورے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے اور تلاشی کارروائی جاری ہے۔