سرینگر//شکر آچاریہ پہاڑی کے دامن میں واقع ملہ ٹینگ (ڈلگیٹ)کوڑے دان میں تبدیل ہوا ہے۔پہاڑی کے دامن کے ساتھ محکمہ جنگلات کی طرف لگائی گئی لوہے کی جھالی کے ساتھ کوڑا کرکٹ کے انبار جمع ہیں اور یہ کسی کچرے دان کی طرح نظر آتا ہے ۔لوگوں نے اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکام کی لاپرواہی اور مسلسل غفلت کی وجہ سے قریبی جنگل بدصورتی کا سبب بنا ہوا ہے کیونکہ جالی میں کچرے کے انبار نے دیوار کی شکل اختیار کی ہے ۔عوامی حلقوںنے سرینگر میونسپل کارپوریشن اور محکمہ جنگلات پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سے آئے روز صحت و صفائی کے حوالے سے نعروں اور نئی نئی سکیموں کو زمینی سطح پر عملانے کے دعوے کئے جارہے ہیں اور دوسری طرف شہر سرینگر کا یہ حال ہے کہ ملہ ٹینگ میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر جمع ہو چُکے ہیں۔عوام کا کہنا ہے کم از کم مقامی لوگ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور ایسے افراد کو تنبیہ کرے کہ ایسی حرکت نہ کریں ۔