عظمیٰ نیوز سروس
تھنہ منڈی// تحصیل درہال کی ملہت پنچایت میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، حالانکہ پنچایت میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت دو منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ دونوں منصوبے تقریباً دو ماہ قبل مکمل ہو چکے تھے، تاہم متعلقہ میکینکل شعبہ کی مبینہ غفلت کے باعث تاحال ان کا آغاز نہیں ہو سکا ہے۔ نتیجتاً عوام پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر معروف سماجی و سیاسی کارکن مرتضیٰ مرزا نے اس سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھشیک شرما اور متعلقہ میکینکل و جے جے ایم محکمہ کے حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ ملہت پنچایت کی دونوں مکمل شدہ اسکیموں کو فوری طور پر چالو کیا جائے تاکہ عوام کو پانی کے بحران سے نجات دلائی جا سکے۔ وہیں مرتضیٰ مرزا نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو نظر انداز کرنا افسوسناک ہے اور اگر جلد از جلد مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو عوامی بیچینی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی لاپرواہی کا اعادہ نہ ہو۔ عوامی حلقوں نے بھی انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے لیکن بدقسمتی سے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔