سرینگر // مزاحمتی قائدین اب آزاد ہیں،پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے دو روز بعد ہی محمد یاسین ملک کو گرفتار کیا جبکہ سید علی گیلانی کو گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا گیا اور میر واعظ عمر فاروق کو ایک روز قبل ہی خانہ نظر بند کیا گیا۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کے گھر واقع مائسمہ کو نماز فجر کے بعد پولیس کی بھاری جمعیت نے گھیرے میں لیا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے فوراً بعد انہیں تھانہ کوٹھی باغ منتقل کردیا گیاجہاں سے اب انہیں تین روزہ عدالتی تحویل پر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ۔ ادھرمعرکہ شوپیان میں جاں بحق ہوئے عسکری جوانوں اور عام شہریوں کو حیدر پورہ کی مقامی مسجد میں نماز جنازہ غائبانہ ادا کرنے کے لئے جوں ہی سید علی گیلانی گھر سے باہر آئے تو پولیس حکام نے انہیں روکا اور آگے بڑھنے نہ دیا ۔دریں اثناء میر واعظ عمر فاروق کو اتوار کے روز ہی خانہ نظر بند کردیا گیا ہے۔