یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے تصور کو بیمار ہو کر حاصل نہیں کیا جا سکتا، اسلئے یہ بہت ضروری ہے کہ ملک کا ہر شہری صحت مند رہے۔ شاہ نے ہفتہ کو یہاں عالمی یوم جگر(لیور ڈے)کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیری سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ اور وزیر اعلی ریکھا گپتا سمیت کئی معززین موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک کے سامنے سال 2047میں آزادی کی صد سالہ تقریب کے موقع پر ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا ہدف رکھا ہے جو ہر میدان میں خود انحصار ہوگا اور دنیا کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے تصور کو بیمار ہو کر عملی شکل نہیں دی جا سکتی اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ ہر شہری صحت مند رہے۔انہوں نے کہا کہ آج جگر کے عالمی دن کے موقع پر پورے ملک کے عوام کو اس بارے میں آگاہی، کوششیں اور مکمل معلومات رکھتے ہوئے اپنے جگر کو صحت مند رکھنے کا عہد کرنا چاہیے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے ایک خصوصی اسکیم شروع کی ہے اور یہ اختراعی پہل جگر کو صحت مند رکھنے کے حوالے سے ملک میں بیداری پھیلانے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ویدوں میں کہا گیا ہے کہ کھانا دوا ہے اور آج پوری دنیا اس تھیم کو قبول کر کے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے 2025 تک کے 11 برسوں میں مودی حکومت نے ملک کے شہریوں کو ایک مجموعی نقطہ نظر کے ساتھ صحت مند بنانے کے لیے بہت سے پروگرام شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آیوش کی وزارت ایسا نظام تیار کرنے کے لئے کام کر رہی ہے تاکہ ہم بیمار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج بڑے بڑے ایلوپیتھک اسپتال بھی آیوش ونگز کھول رہے ہیں۔ ورلڈ یوگا ڈے کے خیال میں خود انسان کی ذہنی اور جسمانی صحت شامل تھی۔