کلکتہ//مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی جو سی بی آئی کے ذریعہ کلکتہ پولس کمشنر کو گرفتار کیے جانے کے خلاف کل رات 9بجے سے دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہیں نے آج کہا ہے کہ ملک کے دستور کے تحفظ تک یہ ستیہ گرہ جاری رہے گا۔ دھرنے کے مقام سے محض چند سو میٹر کے فاصلہ پر واقع نیتاجی انڈرو اسٹڈیم میں منعقد کسان سبھا سے فیس بک لائیو کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی اور بی جے پی ملک کے تمام آئینی اداروں کو تباہ کرکے ہی دم لے گی۔ ان کے ذہن و دماغ اقتدار کا نشہ چھاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں آج آپ تما کسانوں بھائیوں سے ملاقات کرنے والی تھی مگر ملک میں ایمرجنسی جیسی صورت حال پیدا ہونے کی وجہ سے میں انڈور اسٹڈیم نہیں آسکی ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں سیاسی دشمنی نبھائی جارہی ہیں، یہاں تک کہ سیول سروس افسران بھی محفوظ نہیں ہیں اور یہ سب ملک میں گزشتہ پانچ سالوں سے جاری ہے ۔عوام بولنے سے ڈرتے ہیں، لوگوں کے جمہوری حقوق خطرے میں ہیں۔مودی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز عوام کے جمہوری حقوق کو چھینے کے فراق میں ہے ۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کو نیند کی گولی دینے کی کوشش کررہی ہے ۔وزیرا علیٰ نے مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے کسان خودکشی کررہے ہیں، وزیرا علیٰ نے کہا کہ بنگال کے کسانوں کیلئے ان کی حکومت کی کافی ہے ۔مرکز کے امداد کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوٹ بند ی کی وجہ سے کسان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے 12,000کسانوں نے خودکشی کی ہے ۔مودی بابو مرکزی اسکیموں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں مگر صورت حال یہ ہے کہ یہ تمام اسکیمیں صرف اخبارات اور فوٹو تک ہی محدود ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگال حکومت کسانوں کے ساتھ ہے اور ہے گی اور کسانوں کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہے ۔ممتا بنرجی نے کل شام سی بی آئی اور کلکتہ پولس کے درمیان مقابلہ آرائی کے بعد رات 8.30بجے شہر کے قلب میں واقع میٹرو چینل، دھرم تلہ میں اپنے دھرنے کا آغاز کیا ہے ، رات بھر وہ اپنے حامیوں کے ساتھ جاگی رہیں اور ملک بھر کے اپوزیشن لیڈروں کا فون آتا رہا ہے ۔اس درمیان میٹرو چینل ایک بڑا اسٹیج بنادیا گیا ہے ۔اب وزیرا علیٰ اسٹیج پر پارٹی لیڈروں کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں۔رات میں وزیرا علیٰ نے پارٹی ورکروں اور حامیوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے گھر لوٹ جانے کو کہا تھاکہ موسم سرد ہے ۔2006میں سینگور میں ٹاٹا موٹرس کیلئے بایاں محاذ حکومت کے ذریعہ حصول اراضی کے خلاف ممتا بنرجی نے 25دن تک اسی مقام پر بھوک ہڑتال دیا تھا اور اس کے بعد ہی ممتا بنرجی ریاست بھر سب سے مقبول لیڈر بن کر ابھریں اور 2011میں بایاں محاذ کے 34سالہ دور اقتدار کا خاتمہ کرتے ہوئے بنگال کے اقتدار تک پہنچ گئیں۔ سی بی آئی کے افسران کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کے گھر شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ میں جانچ کرنے کیلئے پہنچے تھے ۔یو این آئی