عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/فوجکی مغربی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار نے جمعہ کو جموں، کٹھوعہ، سانبہ اور پٹھان کوٹ کے اگلے مورچوں پر تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے جوانوں کے اعلیٰ حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کی بھرپور تعریف کی۔آرمی ہیڈکوارٹر کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل کٹیار نے اپنے دورے کے دوران زمینی صورتِ حال، دفاعی حکمتِ عملی، اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں تعینات فوجی دستے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے افسران اور جوانوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ فوج کی آپریشنل تیاری اور اس کا عزم، ہماری قومی سلامتی کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔ انہوں نے جوانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف مشکل موسمی حالات میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں بلکہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے ذریعے دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل کٹیار نے کہا کہ فوج کی جدید کاری، انٹیلی جنس نیٹ ورک کی مضبوطی اور ٹیکنالوجی کے مربوط استعمال سے بارڈر سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ برتری، نظم و ضبط اور تیز رفتار ردعمل کو برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی کمانڈر نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے حوصلے اور لگن کو قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کا عزم اور چوکسی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل کٹیار نے اپنے دورے کے اختتام پر افسروں اور جوانوں کو یقین دلایا کہ فوج کی قیادت ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔