جموں//وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ ریاست میں این آئی اے کی کارروائی عوامی خواہشات کا نتیجہ ہے جو ہندوستان کی ترقی کے ساتھ آگے بڑھنے کے خواہاں ہیں۔ یہاں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جتیندر سنگھ نے کہا کہ ملک کی سالمیت کے ساتھ کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔علاحدگی پسندوں کیخلاف شروع کئے گئے کریک ڈائون کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ مرکز کی علاحدگی پسندوں کے خلاف ہمیشہ ایک واضح پالیسی رہی ہے،سرحد اندر اور باہر جو کچھ بھی مناسب ہے وہ کیا جا رہا ہے۔ اب کشمیری عوام بھی تنگ آ گئے ہیں اور وہ بھی تشدد کے اس سلسلہ کو ختم ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ کشمیر کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ ہندوستان کتنی تیزی کے ساتھ دنیا میں ایک طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے اس لئے بھی دوسری ریاستوں کے نوجوانوں کی طرح کشمیری نوجوان بھی آگے بڑھنے کے وہی مواقع حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں ، اس لئے عوام خوف اور ہراس کے ماحول سے باہر نکل کر ملک کی ترقی کے حصہ دار بننا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے بارے میں مذاکرات کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر مملکت نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں صرف ایک ہی معاملہ تصفیہ طلب ہے جو کہ گلگت اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی واپسی ہے ۔