ملک کیلئے جان دینے کاجذبہ وراثت میں ملا ہے: پرینکا گاندھی

 یواین آئی

مورینا// کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید حملہ کیا اور لوگوں سے محتاط رہنے کی درخواست کی۔ انہوں نے اپنی دادی اور ملک کی سابق وزیر اعظم محترمہ اندرا گاندھی اور اپنے والد راجیو گاندھی کی شہادت کو بھی یاد کیا اور کہا کہ بھاجپا لوگ ان جذبات کو نہیں سمجھ سکتے۔محترمہ وڈرا نے کانگریس امیدوار کی حمایت میں مدھیہ پردیش کے مورینا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ریاستی صدر جیتو پٹواری اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہاکہ ‘‘میرے اپنے والد کی لاش کے ٹکڑے جب گھر لائے گئے تھے تو میری عمر اس وقت 19 سال تھی۔ تب میں مشتعل ہوئی تھی، کیونکہ ہم نے والد کو بحفاظت بھیجا تھا، لیکن لاش کے ٹکڑے گھر آئے تھے۔ میں سیکورٹی کے معاملے پر ناراض تھی۔ میں شہادت کا مفہوم سمجھتی ہوں۔ اب میری عمر 52 سال ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ کسی کو اپنے ہی لوگوں سے غصہ آتا ہے۔ میں اسے پہلی بار کسی بھی پلیٹ فارم سے پبلک کر رہی ہوں۔محترمہ وڈرا نے کہا کہ اب میرے والد کو غدار کہا جا رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ میرے والد نے وراثت حاصل کرنے کے لیے قانون میں تبدیلی کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی یہ نہیں سمجھ سکتے۔ ہمیں شہادت کا جذبہ ورثے میں ملا ہے۔ ان باتوں کو ملک کے کسان، مزدور اور عام لوگ ہی سمجھ سکتے ہیں۔ اسی طرح میری دادی محترمہ اندرا گاندھی کے بارے میں غلط باتیں کہی جارہی ہیں۔ مودی کو حب الوطنی اور شہادت نظر نہیں آتی۔ ہمارے بھائی (راہل گاندھی) کو پارلیمنٹ سے نکال دیا گیا۔ ہمارے خلاف مقدمات بنائے گئے۔ ہم عدالت میں بھی جائیں گے لیکن وہ ہمارے جذبات کو ہمارے دلوں سے نہیں نکال سکتے۔ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔کانگریس جنرل سکریٹری نے عوام سے کہاکہ ”میں یہاں ووٹ مانگنے نہیں آئی ہوں، بلکہ زور دینے آئی ہوں۔ عوام کو آگاہ ہونا چاہیے۔ روزانہ جو کچھ سکھایا اور دکھایا جا رہا ہے وہ سچ نہیں ہے۔ آپ کی زندگی سچی ہے۔ سچ وہی ہے جو آپ جی رہے ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری حقیقی ہے۔ اس حقیقت کو پہچانیں۔ ملک کے لیڈر بیکار ہو چکے ہیں۔ وہ صرف مذہب کی بات کرتے ہیں۔ اس کے ذریعے وہ ووٹ لے کر اقتدار میں رہتے ہیں۔