نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کی رفتار شرح اوسطاً کم ہورہی ہے ، حالانکہ نئے کیسز کی تعداد ایک دن کے بعد ایک بار پھر 10 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ، جبکہ اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے ایکٹیو کیسز کم ہوتے جارہے ہیں۔
دریں اثنا ملک میں اب تک 89 لاکھ 99 ہزار 230 افراد کواینٹی کورونا ویکسین دی جاچکی ہے۔
بدھ کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز11610 درج کی گئی جبکہ ایک روز قبل یہ تعداد 9121 تھی۔ ملک میں اب کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ نو لاکھ 37 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران11833 مریض شفایاب ہوئے جس سے صحت مند مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ چھ لاکھ 44 ہزار858 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز 323 سے گھٹ کر مجموعی تعداد اب 136549 رہ گئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران مزید 100 مریضوں کی موت سے ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 913 ہوگئی۔
ملک میں شفایابی کی شرح 97.33 فیصد ،ایکٹیو کیسز کی شرح 1.25 اور اموات کی شرح 1.43 فیصد ہے۔