سرینگر// ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات میں اس ہفتہ 51 فیصد کا اضافہ درج ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 22 سے 28 مارچ تک کورونا کے جو معاملات سامنے آئے ان کی تعداد اس سے پہلے کے سات دنوں میں آئے معاملات سے 1.3 لاکھ زیادہ ہے۔ اس طرح سے دیکھا جائے تو سات دنوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اتنا زیادہ اضافہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ اتنا ہی نہیں گزشتہ ہفتہ 1857 اموات کے ساتھ ہی کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں بھی 51 فیصد کا اضافہ سامنے آیا جو کہ 21 سے 27 دسمبر کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
گذشتہ 24گھنتوں کے دوران ملک میںکورونا وائرس کے68020 نئے معاملات سامنے آئے جو کہ گزشتہ 168 دنوں میں سب سے زیادہ ہے اور ان میں بھی سب سے زیادہ 40414 معاملات مہاراشٹر میں ریکارڈ کئے گئے۔ 22 سے 28 مارچ تک ملک میں کل 3.9 لاکھ کرونا کیس سامنے آئے جو اکتوبر 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔ گزشتہ ہفتہ ( 15 سے 21 مارچ ) میں اس کے گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ ایک لاکھ سے زیادہ معاملات کے ساتھ کورونا کے معاملات میں 67 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ جب سے یہ وبا شروع ہوئی ہے ، اس وقت سے کورونا معاملات میں یہ سب سے بڑی اچھال ہے۔
یکم سے سات مارچ کے درمیان 1.17 لاکھ کورونا معاملات درج کئے گئے تھے ، لیکن گزشتہ ہفتہ میں کورونا معاملات بڑھ کر تین گنا زیادہ ہوگئے۔ کورونا مریضوں کی تعداد می ایک مرتبہ پھر اضافہ ہورہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق آخر کے 10 لاکھ کورونا کیسیز 35 دنوں میں آئے ہیں جبکہ اس سے پہلے کے دس لاکھ معاملات 65 دنوں میں آئے تھے۔